زندگی انسان کے لئے امتحان گاہ ہے. اسکی مدت نہایت ہی مختصر ہے لیکن اس مختصر مدت کے نتائج دوزخ جیسی بدترین جائے پناہ یا جنت جیسی بہترین ابدی زندگی کا راز سمائے ہوئے ہیں ۔ ہر گزرنے اور آنے والا دن نوع انسانی کو چیخ چیخ کر یہ کہہ رہا ہےکہ، “دیکھ! اس مختصر مدتی زندگی میں مہو مت ہوجا، یہ فانی ہے اس میں آنے والے ہر مسئلہ کو اپنے رب کریم کی رضا کے مطابق حل کر اور اپنی ابدی زندگی کیلئے اس زندگی کا بہترین استعمال کر تاکہ تو امتحان میں کامیاب ہو کر جنت جیسی عظیم نعمت کا وارث بن جائے۔”
ایک دفعہ ایک بادشاہ اپنی رعایا سے محل کی طرف اشارہ کرکے کہتا ہے کہ یہ محل بہت بڑا ہے، میں تمہیں مختصر سا وقفہ دیتا ہوں۔ تمہیں اس مختصر سے وقفہ میں اس محل کو دیکھ کر محل سے باہر آنا ہوگا اور جو سب سے پہلے دیئے گئے وقفہ کے اندر محل کو دیکھ کر نکلے گا، محل اسکا ہوجائےگا۔ چنانچہ سب محل میں داخل ہوگئے اور غور سے محل کی ہر چیز کا جائزہ لینے لگے ۔ان تمام میں سے ایک شخص دئیے گئے وقفہ کے اندر ہی محل دیکھ کر باہر نکل آتا ہے اور بادشاہ سے فرماتا ہیکہ میں نے سارا محل دئیے گئے وقفہ کے اندر دیکھ کر باہر آچکا ہوں تو اب یہ محل میرا ہوا یا نہیں، اس بات پر بادشاہ بھی حیران ہوا اور کہنے لگا کہ کیا تم نے سارا محل دیکھا ہے؟ اس کے جواب میں وہ شخص کہنے لگا، ہاں میں نے سارا محل گھوم کر دیکھا ہے لیکن بغور نہیں دیکھا کیونکہ آپ کے دیئے ہوئے وقت میں سارے محل کو دیکھنے کے لئے کہا تھا نہ کہ بغور، لحاظہ میں نے یہ سمجھا کہ جب میں اس محل کو دیکھ کر سب سے پہلے باہر نکل جاؤں گا تو یہ محل میرا ہوجائے گا اور جب یہ محل میرا ہوجائے گا تو میں بعد میں اسکی اچھے سے سیر کرلوں گا۔ بادشاہ اس کی دانائی سے خوش ہوتا ہے اور محل اس کے نام کردیتا ہے۔
تو ہمیں اس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ ساری کائنات کا بادشاہ اللہ رب العزت ہے اور یہ دنیا میں ہمیں بھی مختصر مدت تک ہی رہنا ہے. جس مقصد کےلئے ہمیں یہاں پیدا کیا گیا ہے صرف اسی کو انجام دینا ہمارا کام ہے نہ کہ اس دنیا کی رنگینیوں میں گم ہوجانا ہے اور اس کام کے بدلے میں جنت جیسی عظیم نعمت کا حصول ہی ہماری زندگی کا مقصد ہے۔ اسلئے ہمیں چاہیے کہ ہم ہماری ذمہ داری جو اللہ نے ہم پر ڈالی ہے خوب سمجھے اور بہترین انداز میں ادا کریں۔
زندگی جس کا بڑا نام سنا جاتا ہے
ایک کمزور سی ہچکی کے سوا کچھ بھی نہیں
– Arfa, Chinnur